اسلام آباد: پاکستان نے فائزر کی کورونا ویکسین خریدنے کا معاہدہ کرلیا ہے۔ معاہدے کے تحت کورونا ویکسین کی ایک کروڑ 30 لاکھ خوراکیں خریدی جائیں گی۔
کورونا ویکسین کی دوسری خوراک کیلئےحکمت عملی تیار
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پاکستان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا ہے کہ امریکی کمپنی فائزر کی ویکسین حاصل کرنے کی حتمی تاریخ کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہے لیکن کیے جانے والے معاہدے کے تحت رواں سال کے آخر تک ویکسین کی خوراکیں پاکستان پہنچ جائیں گی۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاکستان کو شروع میں ویکسین کی سپلائی میں کمی اور اس کے حوالے سے خدشات کا سامنا تھا لیکن گذشتہ ماہ وسیع پیمانے پر مہم کا آغاز کیا گیا جس کے تحت نوجوانوں کو بھی ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
پاکستان کو فائزر ویکسین کی ایک لاکھ خوراکیں 29 مئی کو موصول ہوئی تھیں لیکن حکام نے فائزر ویکسین صرف ان افراد کو فراہم کی ہے جن کا مدافعتی نظام کمزور ہے اور یا دوسری کمپنیوں کی ویکسین ان کے لیے موزوں نہیں ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق 22 کروڑ کی آبادی والے ملک میں تقریباً ایک کروڑ 30 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے جن میں سے تقریباً 35 لاکھ کو مکمل طور پر ویکسین لگ چکی ہے۔
کورونا ویکسین کا تجربہ ناکام ہوا، بل گیٹس کو بڑا دھچکہ لگ گیا
پاکستان میں بنیادی طور پر چینی ویکسین سائنو فارم، کین سائنو بائیو اور سائنو ویک استعمال ہو رہی ہے۔ رواں ماہ کے شروع سے 40 سال سے کم عمر کے افراد کو برطانوی ویکسین ایسٹرازینیکا بھی لگنا شروع ہوئی ہے لیکن اس کی فراہمی محدود ہونے کے باعث بیرون ملک سفر کرنے والوں کو عموماً فراہم کی گئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ رواں برس کم از کم 7 کروڑ افراد کو کورونا ویکسین لگائی جائے۔ ہدف کو حاصل کرنے کے لیے رواں ماہ کے شروع میں حکومت نے ویکسین حاصل کرنے کی غرض سے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی منظوری دی تھی۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک 9 لاکھ 49 ہزار 838 افراد کورونا کا شکار ہو چکے ہیں جب کہ 22 ہزار 34 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
آپ! انتخاب کریں، ویکسین یا جیل؟ صدر کا واضح پیغام
خبر رساں ایجنسی کے مطابق پیر کے روز کورونا کے 662 نئے کیسز سامنے آئے تھے جب کہ 27 افراد نے جانوں کی بازی ہاری ہے۔