اسلام آباد: کمرشل آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ نے قومی ایئرلائنزمیں من پسند شخصیات کو نوازنے کا بھانڈا پھوڑدیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کاشف رحمان نامی شخص کو نوازنے کے لیے قومی ایئرلائنز ( پی آئی اے ) میں نئی پوسٹ چیف سسٹم آفیسر(سی ایس او) متعارف کرائی گئی، اس پوسٹ کے اضافے سے ملکی خزانے کو ایک کروڑ 18 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹرانفارمیشن ٹیکنالوجی کے عہدے کے لیے دیے گئے اشتہارمیں تعلیمی قابلیت ایم ایس یا پی ایچ ڈی لکھی گئی تھی، کاشف رحمان کی تعلیمی اہلیت کم ہونے کے باعث سی ایس او کا عہدہ تخلیق کیا گیا اورماسٹرز ڈگری کی شرط کے ساتھ اس کا اشتہارجاری کیا گیا۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق کاشف رحمان کو ماہانہ 13 لاکھ روپے تنخواہ دی گئی۔ 93 دنوں میں وہ صرف 47 دن کام پر موجود تھے جبکہ 46 دن بیرون ملک دورے پر رہے۔ کاشف رحمان کے غیرملکی دورے کے دوران 16 لاکھ 28 ہزار روپے خرچ ہوئے۔