نواز شریف کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ میڈیا رپورٹس پر کیا، نیب

خیبرپختونخوا نیب کو 15 ماہ میں کرپشن کی 4 ہزار شکایات موصول | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے کہا ہے کہ نیب انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتا، کسی کی بھی دل آزاری کے تاثر کو رد کرتے ہیں۔

بدھ کو نیب ترجمان کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق انتقامی کارروائی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے وضاحت کی گئی ہے کہ میڈیا رپورٹس میں نوازشریف سمیت کئی افراد کا ذکر تھا، انہی رپورٹس کی بنیاد پرشکایت کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نیب کی جانب سے نواز شریف کے خلاف تحقیقات کے اعلان کے بعد چیئرمین نیب کو پارلیمنٹ میں طلب کرکے تفتیش کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی نوازشریف کے خلاف تحقیقات کے اعلان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیب کوغیرمناسب کام کے احکامات کہاں سے جاری ہوئے، اس پر بھی تحقیقات کی جائے۔

منگل کو نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف 566 ارب روپے سے زائد رقم بھارت منتقل کئے جانے کی میڈیا رپورٹس پر تحقیقات کا اعلان کیا تھا۔

نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے فنڈز منتقلی کے حوالے سے سامنے آنے والی شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق ورلڈ بینک کی مائگریشن اینڈ ریمیٹنس بک 2016 میں رقم کی اس منتقلی کی نشان دہی کی گئی تھی۔

یہ انکشاف بھی کیا گیا تھا کہ بھارتی حکومت کے سرکاری خزانہ میں 566 ارب روپے سے زائد رقم منی لانڈرنگ کے ذریعے منتقل ہونے کے بعد بھارتی غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ گئے تھے جس کا نقصان پاکستان کو اٹھانا پڑا تھا۔


متعلقہ خبریں