نائجیریا کے آرمی چیف ابراہیم عطاہرو فضائی حادثے میں ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی وجہ خراب موسم تھی۔
رپورٹ کے مطابق فوجی سربراہ اور دیگر افسران نائجیریا کی کاڈونا ریاست کا دورہ کر کے جمعے کی شام واپس دارالحکومت ابوجا لوٹ رہے تھے۔
ابراہم عطاہرو کو رواں برس جنوری میں چیف آف آرمی سٹاف تعینات کیا گیا تھا۔
ملکی صدر نے رواں برس کے اوائل میں فوج میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی تھیں جن کا مقصد دہشت گردوں کے خلاف قریب ایک دہائی سے جاری جنگسے بہتر انداز میں نبرد آزما ہونا تھا۔
نائجیریا: تین سو سے زائد مغوی طالبات بازیاب نہ ہو سکیں
رپورٹ کے مطابق فوجی سربراہ کی ہلاکت ایسے وقت ہوئی ہے جب نائیجیریا میں بوکوحرام کے سربراہ ابوبکر شیکاؤ کی ممکنہ ہلاکت کی خبریں گردش میں ہیں۔
خفیہ اداروں کے مطابق بوکو حرام کا سربراہ داعش سے اتحادی ایک دوسرے جہادی گروپ کے ساتھ ہونے والی جھڑپ کے دوران ممکنہ طور پر ہلاک ہو چکا ہے۔
نائجیریا کے صدر محمد بخاری، جو خود بھی ایک سابق فوجی جنرل ہیں، سن 2015 میں منتخب ہوئے تھے اور تب سے اب تک ان کی حکومت پر ملک میں بڑھتے ہوئے پر تشدد واقعات اور شدت پسندی سے نمٹنے کے طریقہ کار کے باعث شدید تنقید کی جا رہی ہے۔