اسلام آباد پولیس کا بڑا اقدام، گھریلوتشدد، جنسی ہراسیت، زیادتی اورجبری مشقت کے شکارخواتین وبچوں کی مدد کےلئے خصوصی صنفی تحفظ یونٹ کا آغازکردیا۔
خصوصی جینڈر پروٹیکشن یونٹ کے ڈیسک پرخصوصی تربیت یافتہ پولیس خواتین کو تعینات کیا گیا ہے۔
اسلام آباد فیسلیٹیشن سینٹر میں وفاقی پولیس کی جانب سے صنفی تحفظ یونٹ کے آغاز کے موقع پر انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس قاضی جمیل الرحمان نے افتتاحی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں صنفی تحفظ یونٹ کے کام کرنے کا عملی مظاہرہ بھی دکھایا گیا۔ یونٹ 24 گھنٹے شہریوں کی سہولت کے لیے کام کرے گا۔ متاثرین کے مدد کیلئے ایک چھت تلے قانونی، نفسیاتی ماہرین سمت طبی عملہ بھی موجود ہوگا۔
اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہردم تیار رہے گی۔
قاضی جمیل الرحمان نے کہا کہ صنفی تحفظ یونٹ مسائل کے حل کے لیے ایک انتہائی اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔۔
آئی جی نے سول سوسائٹی اور دیگر حکومتی محکموں کے تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔