لبنان: حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ کے علاقے میں جاری جنگ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں بند ہونے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔ جنگ بندی فریقین کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت عمل میں آئے گی۔
اسرائیل فلسطین تنازع خطہ کو غلط سمت میں دھکیل رہا ہے، سعودی وزیر خارجہ
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق حماس کے سیاسی ونگ کے عہدیدار موسیٰ ابو مرزوق نے لبنانی ٹیلی ویژن چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جنگ بندی سے متعلق جاری کوششیں کامیاب ہو جائیں گی۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق انہوں نے کہا کہ مجھے ایک یا دو دن کے اندر جنگ بندی کی امید ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنگ بندی باہمی معاہدے کی بنیاد پر ہوگی۔
اسرائیلی پبلک ریڈیو پر جب انٹیلیجنس کے وزیر ایلی کوہن سے سوال کیا گیا کہ جمعے کے روز سے جنگ بندی کا آغاز ہو جائے گا؟ تو انہوں نے نفی میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر یقیناً دباؤ کا سامنا ہے لیکن آپریشن تب ہی ختم ہوگا جب اسرائیلی حکومت فیصلہ کر لے گی کہ اس نے اپنے مقاصد حاصل کر لیے ہیں۔
مصر کے ایک عہدیدار کے مطابق ثالثوں کی مداخلت کے بعد دونوں فریقین نے جنگ بندی کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔
اسرائیل کشیدگی میں کمی لائے، جوبائیڈن کا نیتن یاہوکو فون
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے بھی گزشتہ روز اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو سے ٹیلی فونک بات چیت میں زور دیا ہے کہ اسرائیل کشیدگی میں کمی لائے۔
الجزیرہ ٹیلی ویژن کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کے لیے اقوامِ متحدہ کے نمائندے ٹور وینزلینڈ نے حماس کے رہنما اسماعیلی ہنیہ سے قطر میں ملاقات کی ہے۔
جرمنی کے وزیر خارجہ ہیکو ماس نے اسرائیل کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جنگ بندی کا کہا ہے۔
جمعرات کو اسرائیل کے دورے کے دوران جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے آئے ہیں۔
جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کو وسیع پیمانے پر ہونے والے ناقابل قبول حملوں کے خلاف اپنا دفاع کرنے کا حق حاصل ہے۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق جمعرات کی صبح اسرائیل نے غزہ پر دوبارہ فضائی حملے کیے تھے لیکن گزشتہ روز کے مقابلے میں حملوں کی تعداد اور شدت میں کمی تھی۔
10 مئی کو شروع ہونے والی لڑائی کے بعد سے 228 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جس سے غزہ میں انسانی بحران پیدا ہو گیا ہے۔
اسرائیل ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ سے داغے جانے والے میزائلوں کی وجہ سے اسرائیل کے 12 شہری ہلاک ہوئے ہیں۔