وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مافیاز کو اپنی سیاسی موت نظر آرہی ہے، مافیا کو خوف ہے کہ ہم کامیاب نہ ہوجائیں، مافیا بلیک میل کرنا چاہتے ہیں، مافیاز دھمکیاں دیتے ہیں کہ این آر او نہ دیا تو حکومت گرادیں گے۔
بلوچستان میں ماشکیل تا نوکنڈی شاہرہ کے سنگ بنیاد رکھنے کی ورچوئل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مافیاز کو قانون کے نیچے لے کر آنا ہے۔ مافیا اپنے آپ کو قانون کے اوپر رکھنا چاہتا ہے۔ مافیا کو خوف ہے ہم کامیاب ہوگئے تو ان کی سیاست موت ہوجائے گی۔
عمران خان نے کہا کہ 5 سال بعد دیکھنا چاہتا ہوں کہ مافیاز کو قانون کے نیچے لے کر آوں۔ جنگل کے قانون میں طاقت کی حکمرانی ہوتی ہے۔
ماضی میں قانون کی نہیں طاقت کی حکمرانی تھی۔ تحریک انصاف قانون کی حکمرانی کی جنگ لڑرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوکنڈی اور ماشکیل پر70 سال سے توجہ نہیں دی گئی۔ ہم پسماندہ علاقوں پرتوجہ دے رہے ہیں۔ اس حوالے سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوکنڈی وہ علاقہ ہے جسے ملک بھول چکا تھا۔ بلوچستان سے ووٹ نہ ملنے کی وجہ سے بلوچستا ن کو چھوڑ دیا گیا۔ پیچھے رہ جانے والے علاقوں کو مین اسٹریم میں لے کر آئیں گے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کوکسی سےکوئی خطرہ نہیں، شیخ رشید
وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان دیگر صوبوں سے پیچھے رہ گیا ہے۔ بلوچستان کے لوگوں کو یہ تاثر نہیں جانا چاہیے کہ ان کی کوئی فکر نہیں کرتا ہے۔ پہلے کبھی کسی حکومت نے بلوچستان میں انتی سڑکیں نہیں بنائیں جتنی ہم نے بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ کبھی اتنے معاشی مسئلے کسی حکومت کو نہیں ملے جو ہماری حکومت کو ملے۔ اپنے ملک اور معیشت کو کورونا سے بچایا۔ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کریں تو مشکل وقت سے بھی نکل جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دوسری بار 2 تہائی اکثریت حاصل کی۔ ان سب کو ڈر لگا ہوا ہے کہ ہم کہیں کامیاب نہ ہوجائیں۔ ان کو اپنی سیاسی موت نظر آرہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مدینہ کی ریاست 2 چیزوں پر کھڑی تھی، قانون کی بالادستی اور انصاف۔ وہ معاشرے ترقی نہیں کرتے جہاں قانون کی بالادستی نہ ہو۔ چین نے اپنے غریب طبقے کو اوپر اٹھایا۔ چین نے 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا۔ بھارت میں سب سے زیادہ امیر اور غریب میں فرق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ انقلاب ہے، پرائیویٹ سیکٹر کی مدد سے دیہاتوں میں اسپتال بنا رہا ہوں۔ ماضی میں پرائیویٹ سیکٹر گاوَں اور دیہاتوں میں اسپتال نہیں بناتا تھا۔ خیبر پختونخوا کے تمام شہریوں کو ہیلتھ کار ڈ مل گیا ہے۔ پنجاب میں سال کے آخر تک تمام شہریوں کو ہیلتھ کار ڈ مل جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پہلی بار پاکستان میں ایک نصاب لے کر آرہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ مزدور کو مفت کھانا اور رہائش دیں۔ کوشش ہے کہ ہر علاقے میں ٹرک چلیں تا کہ کوئی بھوکا نہ سوئے۔ چاہتے ہیں کہ عام لوگوں کو اوپر آنے کا موقع ملے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 50 سال بعد پاکستان کی انڈسٹری اوپر اٹھ رہی ہے۔ زرعی اصلاحات کے ذریعے کسان کو ڈائریکٹ سبسڈی دیں گے۔ غربت کم کرنے کیلئے چھوٹے کسانوں کی مدد کرنا ہوگی۔ کسانوں کو پہلی بارگندم، گنا ، چاول میں وہ قیمت ملی جو ماضی میں کبھی نہیں ملی۔ ٹریکٹر ز کی فروخت میں 58فیصد اضافہ ہوا۔ غریب گھرانوں کو سبسڈی دیں گے۔ چاہتے ہیں کہ نچلے طبقے کی حفاظت کریں ان کو غربت سے نکالیں۔