لاہور: نیب نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف عدم ثبوت پر انویسٹی گیشن بند کرنے کی منظوری دے دی۔
چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس ہوا۔ جس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ اجلاس میں 3 نئے ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں 9 نئی انکوائریوں کی بھی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ اجلاس میں 3 انویسٹیگیشنز کی بھی منظوری دی گئی۔
سابق سینئر رکن بورڈ آف ریونیو خیبر پختونخوا احسان اللہ محسود کے خلاف ریفرنس کی منظوری دی گئی، ملزم پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کا الزام ہے۔
سابق ضلع ناظم اور سابق میئرکوئٹہ کے خلاف ریفرنس کی منظوری دی گئی، ڈاکٹر کلیم اللہ سمیت دیگر ملزمان پر سرکاری زمین کم داموں لیز پر دینے کا الزام ہے۔
سابق وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میر محمد امین کے خلاف ریفرنس کی منظوری دی گئی جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف انوسٹیگیشن بند کرنے کی منظوری دی گئی، عدم ثبوت کی بنیاد پر قانون کے مطابق منظوری دی گئی۔