اسلامی دنیا کو اب متحدہ ہونا پڑے گا، وزیر خارجہ


استنبول: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسلامی دنیا کو اب متحدہ ہونا پڑے گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترکی کے دورے کے موقع پر کہا کہ میں اس وقت ترکی میں موجود ہوں اور فلسطینی وزیر خارجہ نے بھی آج ترکی پہنچنا تھا لیکن فلسطینی وزیر خارجہ کی روانگی میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ترکی میں فلسطینی وزیر خارجہ کا انتظار کریں گے اور فلسطینی وزیر خارجہ کو روکنا بہت ناانصافی ہو گی۔ کوشش ہے کہ کل فلسطینی وزیر خارجہ ہمیں استنبول میں جوائن کر لیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ترکی کی تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ فلسطین پر متفق ہیں اور ترک عوام بھی فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں جبکہ ترکی نے انتہائی سخت مؤقف اپنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکی سے ہم نیویارک کے لیے روانہ ہوں گے۔ نیویارک میں دیگر اسلامی ملکوں کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقات ہو گی۔ اسرائیل فلسطین میں بہت ظلم کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چین کا امریکہ سے اسرائیلی حملے رکوانے کا مطالبہ

وزیر خارجہ نے کہا کہ صرف پاکستان یا ایک اور اسلامی ملک کے مؤقف سے خاص نتیجہ نہیں نکلے گا، تمام اسلامی دنیا کو متحد ہونا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ 20 تاریخ کو جنرل اسمبلی کا اجلاس ہو گا اور جن اسلامی ملکوں نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے ان کو بھی ایک پلیٹ فارم پر آنا ہو گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس وقت سمجھداری سے چلنے کی ضرورت ہے اور اس وقت غلط قدم اٹھانا فلسطینیوں کے مفاد میں نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی راکٹ فائر ہوتا ہے تو اسرائیل سیلف ڈیفنس کی آڑ میں غزہ پر حملے کے لیے جواز بنا دیتا ہے۔ بہت سارے ممالک جان بوجھ کر خاموش ہیں۔


متعلقہ خبریں