وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فیصل مسجد کے باہر فلسطین پر ہونے والے مظالم کیخلاف مظاہرہ کیا گیا ہے۔
عید کی نماز کے بعد مظاہرین کی بڑی تعداد فیصل مسجد کے باہر جمع ہوئی۔
مظاہرین کی بڑی تعداد فیصل مسجد کے باہر جمع تھی جن میں مرد، خواتین، بچے، بزرگ اور ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔
مظاہرین نے فلسطین سے یک جہتی کے لیے ہاتھ میں پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین کی جانب سے اسرائیل کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔
آج صبح کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات میں بھی مقبوضہ کشمیر،فلسطین کے مسلمانوں کے حق میں دعا مانگی گئی تھی۔
خیال رہے کہ دس مئی سے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان کشیدگی شدت اختیار کر گئی ہے۔
غزہ میں اسرائیلی بمباری سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 83 ہوگئی ہے جس میں 17 بچے بھی شامل ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق اب تک 487 افراد زخمی اور ہزاروں بےگھر ہو چکے ہیں۔