اسرائیلی پولیس کی فائرنگ سے فلسطین کی معروف اداکارہ مائیسہ عبد الہادی شدید زخمی ہو گئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی پولیس نے 35 سالہ اداکارہ کو ایک مظاہرے کے دوران زخمی کر دیا تھا۔
سوشل میڈیا پر اداکارہ کی تصاویر وائرل ہو گئی ہیں اور دنیا بھر کے لوگ ان سے ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں۔
بعد ازاں ادکارہ نے انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے میرے لیے دعا کی اور نیک تمناوں کا اظہار کیا ان سب کا بہت شکریہ۔
اپنی طبیعت سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ میری صحت قدرے بہتر ہے تاہم ٹانگ کے زخم تازہ ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں کی جانب سے غزہ کی پٹی پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ تین دنوں میں ان حملوں سے 13 بچوں سمیت 43 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔
اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ پچھلے 38 گھنٹوں کے دوران فلسطینی تنظیم حماس نے 1،000 سے زیادہ راکٹ فائر کیے،جس کے نتیجے میں چھ اسرائیلی ہلاک ہوگئے ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق اسرائیلی فوج کے حملوں اور حماس کی جوابی کارروئی کے بعد اقوام متحدہ نے خطے میں مکمل جنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری نے فریقین سے فوری طور پر کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا گیا ہے کہ صورتحال تیزی سے ایک بڑی جنگ کی جانب بڑھ رہی ہے۔
فلسطینی جنگجو تنظیم حماس کی جانب سے بھی ایک ہزار کے قریب راکٹ داغے گئے ہیں جن میں سے کئی اسرائیلی علاقے میں گرے جبکہ بیشتر اسرائیلی دفاعی نظام نے تباہ کر دیے۔
پیر کو حماس کی جانب سے بیت المقدس میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی پولیس کی کارروائی کے ردعمل میں اسرائیلی علاقوں پر راکٹ فائر کرنے سے شروع ہونے والا تنازع اب شدت اختیار کر چکا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بدھ کی صبح اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ پر درجنوں فضائی حملے کیے جبکہ فلسطینی عسکریت پسندوں کی جانب سے تل ابیب اور بئرشیبا کے علاقوں پر متعدد راکٹ داغے گئے۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے بدھ کو حملوں میں حماس کے متعدد انٹیلیجنس کمانڈرز، ان کے مکانات اور دفاتر کے علاوہ راکٹ داغنے کے مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔
مزید پڑھیں: اسرائیل کاحماس کیخلاف بھرپورکارروائی کا اعلان