یروشلم: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے کہا ہے کہ اسرائیل کو پرامن اجتماع منعقد کرنے کی آزادی کا احترام کرنا ہوگا۔ انہوں نے زور دے کر کہا ہے کہ اسرائیل کو تحمل کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔
اسرائیلی پولیس کی تازہ فائرنگ، 200 سے زائد فلسطینی زخمی
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے یہ بات بیت المقدس میں ہونے والی جھڑپوں کے بعد جاری کردہ بیان میں کہی ہے۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس وقت تک بیت المقدس میں ہونے والی تازہ جھڑپوں میں 300 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلیوں کی جانب سے منائے جانے والے یروشلم ڈے کی مناسبت سے کیے جانے والے مارچ کے شرکا بھی رات کو بیت المقدس پہنچیں گے تو اس حوالے سے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق 1967 کی عرب اسرائیل جنگ میں یروشلم پر قبضے کی یاد میں آج یروشلم ڈے منایا جا رہا ہے جس میں اسرائیلی شرکت کر رہے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ مشرقی بیت المقدس میں الاقصیٰ کے آس پاس کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فلسطینیوں نے اسرائیلی پولیس پر پتھراؤ کیا تو اس کے جواب میں پولیس نے ربڑ کی گولیاں چلائی ہیں۔
مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی پولیس کا دھاوا، 170 فلسطینی زخمی
خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی پولیس نے 40 سال سے زائد عمر کے فلسطینیوں کو بیت المقدس کے کمپاؤنڈ تک رسائی نہیں دی ہے جب کہ اسرائیلی پولیس کے اہلکار بیت المقدس جانے والے تمام افراد کی تلاشی لیتے اور چیک کرتے رہے۔
مسجد الاقصیٰ کے ڈائریکٹر کی اپیل پر نمازیوں نے مسجد کے کمپاؤنڈ کی صفائی کی اور جھڑپوں کے دوران جمع ہونے والے پتھراور دیگر اشیا وہاں سے ہٹائی ہیں تاکہ نماز کی ادائیگی ممکن ہو۔
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈیوجارک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیکریٹری جنرل نے مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں جاری تشدد اور اس کے ساتھ ساتھ فلسطینی خاندانوں کے ان کے گھروں سے ممکنہ انخلا پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ انہدامی کارروائیاں اور دخل اندازیاں ختم کرے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے واضح طور پر کہا ہے کہ مقدس مقامات کی حیثیت جوں کی توں برقرار رکھی جائے اور ان کا احترام بھی یقینی بنایا جائے۔
اسرائیلی حملوں کو معمول کی جھڑپیں قرار دینا گھناؤنی بات ہے، صدر پاکستان
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلیوں کی جانب سے منائے جانے والے سالانہ یوم یروشلم کی تقاریب کے دوران مزید جھڑپوں کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔