قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جنید خان نے کہا ہے کہ نوجوان بولر شاہین شاہ آفریدی ٹیم میں جگہ کھونے سے ڈرتے ہیں اس لیے وہ ہر میچ کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ایک انٹرویو میں جنید خان نے کہا کہ ورک لوڈ کے معاملے میں ہمیں مغربی ٹیموں سے سیکھنا چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم ورک لوڈ کو دیکھتے ہوئے ایک میچ جیمز اینڈرسن کو کھلاتی ہے اور دوسرا براڈ کو، وہاں کے کرکٹرز کو ٹیم میں جگہ کھو جانے کا ڈر نہیں ہوتا۔
جنید خان نے ٹیم سیلکشن پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جن کھلاڑیوں کا چیف سیلکٹر و کوچ کے ساتھ اچھے تعلقات ہوتے ہیں انہیں ناقص کارکردگی کے باوجود کھیلایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں حسن علی کے بعد ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں میری تھیں مگر اس کے باوجود مجھے ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے امریکہ سے کھیلنے کی بڑی پیشکش ہوئی تاہم میں نے اپنے ملک میں رہنے کو ترجیح دی مگر مجھے اس کا کوئی صلہ نہیں دیا گیا۔