پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 84 خوشاب ضمنی انتخاب مسلم لیگ ن نے جیت لیا ہے۔
ہم نیوز کے مطابق پی پی 84 خوشاب کے 229 میں سے 228 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نواز کے امیدوار ملک معظم شیر کلو 74 ہزار 165 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: این اے 249 ضمنی انتخاب میں شکست پر مریم نواز کا ردعمل آ گیا
غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار 63 ہزار 569 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ضمنی انتخاب میں جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے آٹا چینی چوروں کو مسترد کردیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ الحمداللہ یہ عوام کی طرف سے اس خدمت کا بھی اعتراف ہے جو مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور میں کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ووٹ نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی کا ووٹ ہے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہر شہر میں عوام نے ن لیگ کی فتح کا اعلان کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے بیانیہ کے ہر صوبے سے تائید عوام کے حق حکمرانی کی فتح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو مائنس کرنے والو دیکھو، صرف ن لیگ رہ گئی باقی سب مائنس ہو گئے۔
خیال رہے کہ حلقہ پی پی 84 کی نشست ن لیگ کے صوبائی اسمبلی کے رکن ملک وارث کلو کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔