پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بقیہ میچز کا کراچی میں انعقاد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کی اجازت سے مشروط ہو گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان کا اس ضمن میں کہنا تھا کہ پی سی بی لیگ کی منتقلی کے لیے تمام فیصلے این سی او سی کی ہدایت کے مطابق کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز یو اے ای منتقل کرنا پڑے تو پی سی بی اپنی تیاری کرے گا، کھلاڑیوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی صحت سے بڑھ کر کچھ نہیں۔
ترجمان پی سی بی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی سی بی کورونا کی بدلتی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، وینیو کی تبدیلی کا حتمی فیصلہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر کیا جائے گا۔
گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائزز نے لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز کو کراچی سے دبئی منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔
ذرائع کے مطابق تمام فرنچائزز نے پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کو اس معاملے پر گورننگ کونسل کا اجلاس بلانے کی درخواست بھی کی تھی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پی سی بی کی جانب سے پی ایس ایل کے دیئے گئے شیڈول کے مطابق 23 مئی سے کھلاڑیوں کو کراچی میں جمع ہونا ہے۔
5 سے 20 مئی تک فلائٹ آپریشن پر بھی پابندی عائد ہوگی جس کی وجہ سے لاجسٹک اور آپریشنل مسائل کا بھی سامنا ہوسکتا ہے۔