فردوس عاشق کے اسسٹنٹ کمشنر کو ڈانٹنے پر مریم نواز کا ردعمل سامنے آگیا


سیالکوٹ کے بازار میں وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر کو ڈانٹ پلانے کے واقع پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا ردعمل سامنے آ گیا۔

مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اپنی ناکامی اور بدترین کارکردگی کا غصہ سرکاری افسران پر نکالنا قابل مذمت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رمضان بازاروں ميں غير معياری،مہنگی اشيا حکومتی نالائقی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، سرکاری افسران آپ کے ذاتی ملازم نہیں۔

اشیائے خوردونوش کی سستے داموں فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، فردوس عاشق

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات  فردوس عاشق اعوان نے اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) سیالکوٹ سونیا صدف کو بازار میں بدانتظامی پر ڈانٹ پلا دی۔

فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں بازار کا دورہ کیا اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ بھی لیا۔

اس دوران انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کو بازار میں بد انتظامی پر ڈانٹتے ہوئے کہا کہ افسر شاہی کی کارستانیاں حکومت بھگت رہی ہے، آپ اے سی ہیں تو عوام کا سامنا کریں چھپ کیوں رہی ہیں؟

انہوں نے کہا کہ سب سے برا انتظامی بدحالی کا شکار سیالکوٹ کا رمضان بازار ہے جو اس بات کی عکاس ہے کہ انتظامیہ کو عوام کی فکر نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  بازار کی ناقص کارکردگی سے متعلق چیف منسٹر کو اپڈیٹ دوں گی۔

اسسٹنٹ کمشنر معاون خصوصی کے رویے سے نالاں ہو کررمضان بازار سے واپس چلی گئی۔

انہوں نے کہا کہ گرمی میں اگر فروٹ خراب ہوگیا تو یہ بات کرنے کا کوئی طریقہ نہیں۔


متعلقہ خبریں