خیبرپختونخوا: کورونا ایس او پیز کا نیا اعلامیہ جاری کردیا

خیبر پختونخوا حکومت

 خیبر پختونخوا نے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی ہدایات کی روشنی میں کورونا ایس او پیز کا نیا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کسی بھی ضلع میں 5 فیصد تک مثبت کیس رپورٹ ہونے پر تمام اسکول بند کیے جائیں گے۔ اس دوران ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت آن لائن تعلیم کو یقینی بنائیں گے۔

جاری اعلامیے کے مطابق ضروری دکانوں کے علاوہ تمام تجارتی سرگرمیاں شام 6 بجے بند ہوں گی۔ ریسٹورنٹس میں آوَٹ ڈور اور ان ڈور ڈائیننگ پر پابندی ہوگی اور صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔

صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تمام سرکاری اور نجی اداروں میں دفتری اوقات کار صبح 9 بجے سے دوپہر 2 تک ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا: اسد عمر نے نئی بندشوں سے متعلق خبردار کردیا

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 157 اموات اور 5 ہزار 908 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 16 ہزار 999 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 90 ہزار 16 ہو گئی ہے۔

ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 86 ہزار 529 ہے اور 6 لاکھ 86 ہزار 488 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں7 ہزار 897 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار 587، خیبر پختونخوا 3 ہزار 66، اسلام آباد 657، گلگت بلتستان 104، بلوچستان میں 230 اور آزاد کشمیر میں 458 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 72 ہزار 613، خیبر پختونخوا ایک لاکھ 12 ہزار 140، پنجاب 2 لاکھ 85 ہزار 542، سندھ 2 لاکھ 76 ہزار 670، بلوچستان 21 ہزار 477، آزاد کشمیر 16 ہزار 327 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 247 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں