قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا۔ رہائی کے بعد اپوزیشن لیڈر کوٹ لکھپت جیل سے کارکنوں کے ہمراہ ماڈل ٹاؤن رہائشگاہ روانہ ہوگئے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف مبینہ منی لانڈرنگ کے الزام میں کوٹ لکھپت جیل میں قید تھے۔ لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز ان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔
شہباز شریف کی رہائی پر جیل کے باہر کارکنوں کی جانب سے پھول نچھاور کیے گئے۔
شہباز شریف کے استقبال کے لیے حمزہ شہباز، رانا ثنا اللہ، مریم اورنگزیب اور خواجہ سعد رفیق کوٹ لکھ پت جیل پہنچ گئے تھے۔ پارٹی رہنماؤں نے جیل کے باہر شہباز شریف کا استقبال کیا۔
مزید پڑھیں: شہباز شریف کا جرم نواز شریف سے وفاداری ہے، مریم نواز
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے شہباز شریف سے ان کی رہائشگاہ ماڈل ٹاوَن میں ملاقات کی اور مختلف سیاسی امور پر تبادلہ خیال گیا گیا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے ان کی ضمانت ہونے اور گھر پہنچنے پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر شہباز شریف نے نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ رہائی آپ کی دعاوَں کی وجہ سے ممکن ہو سکی ہے۔