کوئٹہ دھماکہ خودکش تھا، حملہ آور کی شناخت نہیں ہوئی، شیخ رشید


اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ کوئٹہ دھماکہ خودکش تھا اور حملہ آور کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ دھماکہ خود کش تھا جس میں 5 افراد جاں بحق ہوئے۔ کوئٹہ دھماکے میں 60 سے 80 کلو گرام تک دھماکہ خیز مواد استعمال ہوا۔

انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری سے فوری تحقیقات کا کہا ہے۔ خود کش حملہ آور گاڑی میں بیٹھا رہا اور دھماکہ ہوا۔ حملہ آور کی کوئی شناخت نہیں ہوئی ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ 3 لاکھ سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھارت سے گزشتہ 10 روز میں کھلے ہیں۔ پاکستان کو اندر سے غیر مستحکم کرنے کی غیرملکی کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گوادر پاکستان کی ترقی کا مرکز اور چین ہمارا دوست ہے۔ پاکستان کی معیشت ٹیک آف کر رہی ہے اس لیے بڑے شہروں میں موجود دشمن امن کو خراب کر رہے ہیں تاہم پاکستان آگے بڑھے گا اور ملک ترقی کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے ایک اور صوبائی وزیر کو نیب طلبی کا نوٹس جاری

وزیر داخلہ نے کہا کہ تمام سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ عظیم فوج اور ایجنسیاں ہماری طاقت ہیں اور ان کی مدد سے دشمن پر قابو پالیں گے۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) منظم ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم امن و امان سے متعلق اہم قانون قومی اسمبلی میں لانا چاہتے ہیں۔ 22 اداروں کو سیکیورٹی ہائی الرٹ کی ہدایت جاری کردی ہے۔


متعلقہ خبریں