سوشل میڈیا پر بھیک مانگنے والا سائبر فقیر گرفتار

سوشل میڈیا پر بھیک مانگنے والا سائبر فقیر گرفتار

دبئی: پولیس نے واٹس ایپ کے ذریعے بھیک مانگنے والے سائبر فقیر کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے پیشہ ور بھکاریوں کی کسی صورت مدد نہ کریں۔

خلیج کے مؤقر انگیریزی اخبار خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دبئی پولیس نے عرب شہریت رکھنے والے ایک ایسے سائبر فقیر کو گرفتار کیا ہے جو مختلف نمبروں پر واٹس ایپ پیغامات بھیج کر بھیک مانگتا تھا۔

اخبار کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ سائبر فقیر نے واٹس ایپ پر اپنا اکاؤنٹ بنایا ہوا تھا اور وہ شہریوں سے میسج کر کے بھیک مانگتا تھا۔

ایک شہری نے پولیس کو واٹس ایپ پر آنے والے پیغام سے متعلق بتایا تو اس کے بعد اہلکاروں نے فقیر کو تلاش کر کے گرفتار کیا۔

سائبر فقیر نے دوران تفتیش جدید طریقے سے بھیک مانگنے کا اعتراف کرلیا ہے۔

دبئی پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے نوسرباز اور پیشہ ور فقیروں کے پیغامات کو نظر انداز کریں اور مستحق افراد کی ہی مدد کریں۔

گرفتار کیے جانے والے سائبر فقیر نے بتایا ہے کہ وہ مختلف واٹس ایپ نمبرز پر پیغامات بھیجنے کے علاوہ اسٹیٹس پر بھی پیسوں کی درخواست کرتا تھا۔

سائبر فقیر انسٹاگرام پر بھی متحرک تھا۔ اُس نے بتایا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں کام زیادہ ہونے کی وجہ سے اُس نے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا۔

متحدہ عرب امارات پبلک پراسیکیوشن نے منگل کے روز شہریوں کے نام ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی پیشہ ور فقیر کو عطیات و صدقات نہ دیں۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ایسے پیشہ ور فقیروں کو قانون کی خلاف ورزی کرنے پر ایک لاکھ درہم جرمانہ اور قید کی سزا دی جاسکتی ہے۔


متعلقہ خبریں