ہانگ کانگ کے میڈیا ٹائکون جمی لائی کو 14 ماہ قید کی سزا

ہانگ کانگ کے میڈیا ٹائکون جمی لائی کو 14 ماہ کی قید

ہانگ کانگ کی ایک عدالت نے جمہوریت نواز میڈیا ٹائکون جمی لائی کو حکومت مخالف مظاہروں کو منظم کرنے اور ان میں حصہ لینے کے الزام میں 14 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔

لائی پر ہانگ کانگ میں 2019 میں ہونے بڑے پیمانے پر جمہوریت نواز مظاہروں میں شرکت کے الزام میں سزا سنائی گئی ہے۔ ایپل ڈیلی کے 73 سالہ بانی بیجنگ کے شدید نقاد ہیں۔

جمی لائی کے خلاف یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب چین ہانگ کانگ میں انسانی حقوق اور آزادیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کررہا ہے۔

لائی کو کل آٹھ الزامات کا سامنا ہے ان میں سے دو ملک کے قومی سلامتی کے نئے قانون کے تحت عائد کیے گئے ہیں جس کے تحت عمر قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔

چین کی جانب سے گذشتہ سال ہانگ کانگ میں نافذ کردہ اس قانون کے تحت بغاوت کو جرم ٹھہرایا گیا ہے۔ اس ماہ کے شروع میں بیجنگ نے ملک کے ساتھ زیادہ وفاداری کو یقینی بنانے کے لیے ہانگ کانگ کے انتخابی قوانین پر عملدرآمد کرایا ہے۔

گزشتہ برس ہانگ کانگ میں جمہوریت حامی گروپوں کے جانب سے حکومت کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ کافی دنوں سے جاری رہا تھا اور اسی پس منظر میں حکومت نے سکیورٹی سے متعلق ایک نیا قانون نافذ کیا ہے۔

سکیورٹی سے متعلق چین نے جو سخت قانون نافذ کیا ہے اس کے تحت چینی حکومت کے خلاف آواز اٹھانے، بیرونی ممالک کی افواج کے ساتھ کسی بھی طرح کی ملی بھگت کرنے اور دہشتگردانہ کارروائیوں کو سنگین جرم کے دائرے میں رکھا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں