پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی ہرقسم کی میڈیا کوریج پرپابندی لگا دی ہے۔
جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیا ہے۔ پیمرا کے ریگولیشن اورضابطہ اخلاق کے تحت کالعدم تنظیموں کی میڈیا کوریج پر پابندی ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیا گیا ہے۔
اس سے قبل کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی منظوری دے دی تھی۔ منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے لی گئی۔ پنجاب حکومت نے تحریک لبیک پر پابندی کی سفارش کی تھی۔ وزارت داخلہ کی سمری پر وفاقی کابینہ نے منظوری دی۔
یہ بھی پڑھیں:تحریک لبیک پاکستان کالعدم قرار
اطلاعات ہیں کہ وفاقی حکومت پابندی کا ڈیکلریشن سپریم کورٹ پیش کرے گی۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ پر الیکشن کمیشن تحریک لبیک پاکستان کو ڈی نوٹیفائی کرے گی۔ ڈی نوٹیفیکیشن کے بعد ٹی ایل پی کے ارکان اسمبلی نااہل ہوجائیں گے۔
ٹی ایل پی کی پرتشدد کارروائیوں سے 2 پولیس اہل کار شہید اور 580 زخمی ہوئے جب کہ احتجاج کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی 30 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
ذرائع کے مطابق ٹی ایل پی کے 2063 کارکن گرفتار اور 11 ایف آئی آر درج کر لی گئی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں پشاور، صوابی اور چارسدہ سے 321 گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ آزاد کشمیر میں 21 پولیس اہلکار زخمی اور 96 کارکن گرفتار کیے گئے۔