وزیر اعظم مستعفی ہوں، غلطیوں پر قوم سے معافی مانگیں: بلاول

وزیر اعظم مستعفی ہوں، غلطیوں پر قوم سے معافی مانگیں: بلاول

کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم مستعفی ہوں اور پوری قوم سے غلطیوں پر معافی مانگیں۔

جنہوں نے نا اہل کروایا انہی کے ووٹوں سے گیلانی کو پارلیمنٹ میں لائے، بلاول بھٹو

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ مطالبہ اپنی زیرصدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی مشاورتی ورچوئل اجلاس  میں کیا ہے۔

مشاورتی اجلاس میں سابق وزرائے اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کے علاوہ پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل نیر حسین بخاری اور فرحت اللہ بابر نے شرکت کی۔

بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت نے ملک کو بدترین اقتصادی صورتحال میں دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت دیوالیہ ہونے کی نہج پر پہنچ چکی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ جب نااہل کوحکومت سونپ دی جائے گی توملک تباہی کی ایسی ہی صورت حال سے دوچارہوگا۔

اپوزیشن والے نہیں صرف پیپلز پارٹی حکومت کی مخالفت کر رہی ہے، بلاول

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں ہرگزرتا دن ملک کو سیاسی واقتصادی تباہی کی جانب دھکیل رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم مستعفی ہوں اور پوری قوم سے اپنی غلطیوں کی معافی مانگیں۔

بلاول بھٹو کی زیر صدارت منعقدہ مشاورتی ورچوئل اجلاس میں مختلف سیاسی امورپر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا ئے اجلاس نے اس موقع پرکہا کہ مہنگائی کی وجہ سے قرضے بڑھ رہے ہیں اور تجارت کم ہورہی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق شرکائے اجلاس نے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کہا کہ ملک میں صنعتیں بند ہو رہی ہیں اور بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے۔

پی ڈی ایم کا پی پی کو شوکاز نوٹس: اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کا الزام

شرکائے اجلاس نے متفقہ طور پر مؤقف اپنایا کہ لاکھوں پاکستانیوں کو غربت کی لکیر کے نیچے دھکیلا جا چکا ہے۔


متعلقہ خبریں