نصیبو لال کے گروو نے فواد خان کے کھیل کو ہرا دیا


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے نئے ترانے ’گروو میرا‘ نے مقبولیت میں پی ایس ایل 4 کے ترانے ‘کھیل دیوانوں کا’ کو پیچھے چھوڑ دیا۔

نصیبو لال کا ایک کروڑ کا لمبا چھکا

یوٹیوب پر 6 فروری 2021 کو نامور گلوکار نصیبو لال اور آئمہ خان کی آواز میں ریلیز ہونے والے ترانے ’’گروو میرا‘‘ کے محض دو ماہ میں 1 کروڑ 47 لاکھ 22 ہزار 482 ویوز ہو چکے ہیں۔

دوسری طرف تین سال قبل 18 جنوری 2019 کو فواد خان کی آواز میں ریلیز ہونے والے ترانے ‘کھیل دیوانوں کا’ کے ویوز تعداد 1 کروڑ 46 لاکھ 52 ہزار 510 ہے۔

لوگوں کی تنقید کے باوجود پی ایس ایل سکس کے اس گانے نے انتہائی کم وقت میں بہت زیادہ مقبولیت حاصل کی اور یوٹیوب پر سب سے زیادہ پسند کیا جا رہا ہے۔

ترانے کو  3 لاکھ 78 ہزار سے زائد لائیکس مل چکے ہیں جب کہ ایک لاکھ 95 ہزار سے زائد لوگوں نے اسے ڈس لائیک کیا ہے۔

پی ایس ایل اینتھم معروف پنجابی گلوکارہ نصیبو لال، آئمہ بیگ اور ہپ ہاپ بینڈ ’ینگ سٹنرز‘ نے مل کر گایا ہے جبکہ اسے زلفی اور عدنان ڈھول نے کمپوز کیا ہے۔

گانے کی ویڈیو میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم، اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان، کوئٹہ کے سرفراز احمد، لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی، ملتان سلطانز کے شان مسعود اور پشاور زلمی کے وہاب ریاض جلوہ گر ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل میں تماشائیوں کو میچ دیکھنے کی اجازت مل گئی

اس ترانے میں عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے کہ جہاں اسٹیڈیم تو خالی ہیں مگر مداح اپنے گھروں میں ٹی وی اسکرینز کے سامنے بیٹھ کر میچ دیکھتے نظر آتے ہیں۔


متعلقہ خبریں