مولانا فضل الرحمان ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے معاملات سے لاتعلق ہوگئے

مولانا فضل الرحمان ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے معاملات سے لاتعلق ہوگئے

فائل فوٹو


لاہور: حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے معاملات سے لاتعلق ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان ابھی تک ن لیگ اور پیپلزپارٹی سے ناراض ہیں۔ وہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی قیادت سے رابطہ نہیں کر رہے۔

مولانا فضل الرحمان کسی کا فون بھی نہیں سن رہے اور کسی کو بھی متنازعہ بیانات دینے سے منع نہیں کر رہے۔سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے چناوَ پر بھی مولانا پیپلزپارٹی کی قیادت سے نالاں ہیں۔

ہم نیوز کے ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس فوری بلانا چاہتی ہے۔ مسلم لیگ ن پیپلزپارٹی سے دو ٹوک فیصلہ کرنا چاہتی ہے۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی ابھی تک اپنے موقف پر لچک دکھانے کو تیار نہیں ہے، مولانا فضل الرحمان 5 اپریل کو پیپلزپارٹی کے سی ای سی اجلاس میں فیصلہ کے منتظر ہیں۔ 6اپریل کو مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی کا اہم اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مولانا عبدالغفور حیدری نے شاہد خاقان عباسی سے ہونے والی ملاقات سے متعلق مولانا فضل الرحمان کو آگاہ کیا ہے۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔  انہوں نے  ملکی موجودہ صورت حال پر مولانا فضل الرحمان سے مشاورت کی۔


متعلقہ خبریں