موسم کراچی والوں پر مہربان لیکن کے الیکٹرک کے دعوے پورے نہ ہو سکے

گرمی کی شدت برقرار، مختلف علاقوں میں بارش کا امکان

فوٹو: فائل


کراچی: شہر قائد میں کئی روز تک جاری رہنے والی شدید گرمی کا زور ٹوٹنے کی نوید سناتے ہوئے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج پیر کے روز موسم معتدل رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح کے اوقات میں درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ توقع ہے کہ پیر کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رنے گا۔

موسم کے اتار چڑھاؤ پر نظر رکھنے والے ادارے کے مطابق شہر کی فضا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے، تاہم آج بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ شہر میں جنوب مغربی سمت سے دس ناٹیکل میل کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ موسم گرم رہے گا مگر ہوائیں چلنے کے سبب لو چلنے کی کیفیت نہیں ہوگی۔

شہرمیں بجلی کی بندش

گرمی کی شدت میں کمی کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کا اعلانیہ اور غیراعلانیہ تعطل برقرار ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل بندش سے عوام مشکلات کا شکار ہیں۔

کراچی کے علاقوں شاہ فیصل کالونی، پی آئی بی کالونی، لیاقت آباد، نارتھ کراچی سمیت بلدیہ میں ڈھائی سے تین گھنٹے تک بجلی غائب رکھی جا رہی ہے۔ کورنگی، ملیر، لانڈھی اور گلشن اقبال میں چھ سے آٹھ گھنٹے بجلی کا تعطل رہا۔

کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں کو بھی تین گھنٹوں تک بجلی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق کےالیکڑک کی جانب سے بن قاسم پاور پلانٹ میں فنی خرابی چار روز گزرنے کے بعد بھی دور نہ کی جاسکی۔ چھ گھنٹوں میں صورتحال بہتر کرنے کا دعویٰ کرنے والا کے الیکٹرک کا ادارہ 96 گھنٹوں بعد بھی ٹرپ ہونے والے یونٹ کو بحال نہیں کر سکا ہے۔

نارتھ کراچی گرڈ اسٹیشن میں فنی خرابی سے متعلقہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی تعطل کا شکار ہوئی ہے۔ کے ای کے مطابق شہر میں بجلی کی موجودہ طلب 2500 جب کہ کمی 400 میگاواٹ کی ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک نے ایک بار پھر دعوی کیا ہے کہ جلد ہی تمام صنعتی علاقوں اور 60 فیصد رہائشی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ ختم کردی جائے گی۔

چند روز قبل تک کے الیکٹرک شہر قائد میں بجلی کی طویل بندش کا ذمہ دار سوئی گیس کی جانب سے مطلوبہ مقدار سے کم گیس فراہمی کو قرار دیتی تھی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے احکامات کے بعد کے الیکٹرک کو اضافی گیس کی فراہمی توشروع ہوگئی مگر کراچی کے شہریوں کی قسمت نہیں بدل سکی۔


متعلقہ خبریں