کورونا کیسز میں اضافہ، فیصل مسجد بند کر دی گئی


اسلام آباد میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث فیصل مسجد بند کر دی گئی۔

اسلام آباد انتظامیہ نے فیصل مسجد کو شہریوں سے خالی کر ا لیا ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی پی او) اسلام آباد ضعیم ضیا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ایک پیغام میں اسلام آباد میں کورونا کے مثبت کیسز کے اعداد و شمار جاری کیے۔

ضعیم ضیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں 5958 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 747 ٹیسٹ مثبت آئے۔

انہوں نے عوام کو پیغام دیا کہ اسلام آباد میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے تاہم ان حالات میں پریشان ہونے سے زیادہ ایس او پیز پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد : کورونا کی تیسری لہر کی شدت میں اضافہ

اس سے پہلے عالمی وبا کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر اسلام آباد میں ہفتہ اتوار کو مارکیٹیں بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس ضمن میں انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق اسلام آباد میں ہفتہ،اتوار کو مارکیٹیں اور ریسٹورنٹس بند رہیں گے۔

شہر اقتدار میں اشیائے خورونوش کی دکانیں، میڈیکل اسٹورز کھولنے کی اجازت ہو گی،جب کہ رات 10 بجے کے بعد آؤٹ ڈورڈائننگ پر پابندی ہو گی۔


متعلقہ خبریں