بلوچستان میں بلامقابلہ سینیٹ الیکشن کی حکومتی پیشکش مسترد


اپوزیشن نے بلوچستان میں بلامقابلہ سینیٹ الیکشن کی حکومتی پیشکش مسترد کر دی ہے۔ 

اپوزیشن نے بلوچستان میں تمام نشستوں پر متفقہ امیدوار اتارنے کا اعلان کیا ہے۔ رہنماؤں نے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مل کر الیکشن لڑے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ: ایم کیو ایم اور جی ڈی اے نے حفیظ شیخ کی حمایت کا اعلان کردیا

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے مرکزی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کو بلوچستان میں سینیٹ انتخاب کے لیے پنجاب فارمولے اور چار نشستوں کی پیشکش کی تھی۔

گزشتہ روز پی ڈی ایم نے دعویٰ کیا تھا کہ چیئرمین سینیٹ نے پنجاب فارمولے اور چار نشستوں کی پیشکش کی تھی لیکن ہم نے چھ نشستوں کا مطالبہ کیا تو ابھی تک انہوں ںے کوئی جواب نہیں دیا۔

پی ڈی ایم اجلاس کے بعد یہ بات پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار اخترمینگل، مولانا عبدالغفور حیدری اور محمود خان اچکزئی نے بتائی تھی۔

سربراہ بی این پی سردار اخترمینگل نے کہا کہ خلائی مخلوق کےساتھ ساتھ پیراشوٹر بھی سینیٹ الیکشن میں آرہے ہیں۔ انہوں ںے کہا تھا کہ پی ڈی ایم نے سینیٹ الیکشن کے لیے مشترکہ امیدوار سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سابق وزیراعلیٰ بلوچستان سردار اختر مینگل نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے حوالے سے پہلے بھی مشاورت کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ  سپریم کورٹ کے فیصلے پر حکومت کا شادیانے بجانا حیرانی کی بات ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ میں سرپرائز نتائج دینگے، ایم کیو ایم پی ڈی ایم میں شامل ہو: بلاول بھٹو

پی ڈی ایم کے مرکزی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا تھا کہ پی ڈی ایم نے ضمنی انتخابات اور سینیٹ انتخابات مل کر لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔

جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے کامیابی حاصل کی۔


متعلقہ خبریں