ساحل پر پھنسی وہیل مچھلیوں کو سمندر واپس چھوڑ دیا گیا

ساحل پر پھنسی 28 وہیل مچھلیوں کو سمندر واپس چھوڑ دیا گیا

نیوزی لینڈ میں ساحل پر پھنسی  28 پائلٹ وہیل مچھلیوں کو سمندر میں واپس چھوڑ دیا گیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق امدادی ٹیموں نے  فیئر ویل اسپٹ نامی ساحل پر پھنسی پائلٹ مچھلیوں کو ریسکیو کرلیا اور سمندر میں واپس چھوڑدیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پائلٹ وہیلز فیئر ویل اسپٹ کے ساحل سمندر پر پانی کے بہاؤ کے ساتھ آگئی تھیں۔

امدادی ٹیموں کا کہنا ہے کہ 15 وہیل مھچلیاں ساحل پر پھنسے رہنے کی وجہ سے مر گئی ہیں۔

سمندری حیات کے تحفظ پر کام کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ ساحل پر پھنسی ان وہیل مچھلیوں کو دو دفعہ سمندر میں چھوڑ دیا گیا تھا تاہم وہ واپس ساحل پر نمودار ہوگئیں۔

سمندری حیات کے تحفظ پر کام کرنے والی تنظیم جوناح کے جنرل منیجر دارین گرور کا کہنا ہے کہ اس سے قبل 40 کے قریب پھنسی ہوئی پائلٹ وہیل مچھلیوں کو سمندر میں چھوڑدیا گیا تھا تاہم دوسرے روز وہ ساحل پر واپس آگئیں۔

دارین گرور کا کہنا ہے کہ وہ وہیل مچھلیوں کی واپسی پر پرامید ہیں لیکن محتاط بھی، کیونکہ وہ پھر سے واپس ساحل پر آکر پھنس سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیئرویل اسپٹ ساحل تک تمام ساحل کی جانچ پڑتال کی گئی اور اس دوران کوئی بھی پھنسی ہوئی زندہ وہیل مچھلی نہیں پائی گئی۔

بی بی سی کے مطابق  یہ واضح نہیں کہ وہیلز کیسے پھنس جاتی ہیں لیکن پائلٹ وہیلز کے بارے میں خیال ہے کہ ان کے ساحل پر پھنسنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ ان کی نسل ختم ہونے کے حوالے سے خطرات موجود نہیں جبکہ ان کی کل تعداد کا اندازہ نہیں لگایا جاسکا۔

س حوالے سے کئی مفروضے موجود ہیں۔ بعض ماہرین کا خیال ہے کہ وہیل مچھلیاں اپنے شکار کے تعاقب میں راستہ بھول جاتی ہیں اور ساحل پر آجاتی ہیں۔

یہ کہا جاتا ہے کہ ایک وہیل مچھلی پورے گروہ کو غلطی سے ساحل پر لے آتی ہے۔

محققین کا خیال ہے کہ وہیل مچھلیوں کے ایسے گروہ ساحل کے قریب بھٹک سکتے ہیں کیونکہ کم پانی میں ان کی آواز کے سگنل کام نہیں کرتے جو دراصل انھیں بتاتے ہیں کہ پانی کتنا گہرہ ہے۔


متعلقہ خبریں