مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد اللہ خان انتقال کر گئے


مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان 68 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

مشاہد اللہ خان مسلم لیگ کے سینیئر رہنما تھے اور کافی عرصے سے علیل تھے ان کا انتقال اسلام آباد میں ہوا۔ وہ مسلم لیگ کی حکومت میں وفاقی وزیر بھی رہے۔

سینیٹر مشاہد اللہ خان کے بیٹے ڈاکٹر افنان کے مطابق ان کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر اسلام آباد کے سیکٹر الیون ایچ میں ادا کی جائے گی۔

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے مشاہد اللہ خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر مشاہد اللہ خان پارٹی کے وفادار اور سینئر رہنما تھے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشاہد اللہ خان ایک زیرک سیاستدان اور شفیق انسان تھے۔

مشاہد اللہ خان نے ابتدائی تعلیم اسلامیہ ہائی اسکول راولپنڈی سے حاصل کی جس کے بعد انہوں نے گورڈن کالج سے گریجویشن مکمل کیا اور پھر اردو لاء کالج کراچی سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔

مشاہد اللہ خان نے 1990 میں مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی تھی۔ وہ سال 2009 اور 2015 میں سینیٹر منتخب ہوئے۔ مشاہد اللہ خان 2017 سے مئی 2018 تک وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی رہے۔


متعلقہ خبریں