لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف نے ایک بار پھر چیئرمین سینیٹ پرسخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صادق سنجرانی کو تو اُن کا ہمسایہ تک نہیں جانتا۔
ماڈل ٹاؤن لاہور میں پارٹی اجلاس سے خطاب میں نوازشریف نے کہا کہ عمران خان کو فیصلہ آنے سے پہلے کس نے بتایا کہ خواجہ آصف کی وکٹ گرنے والی ہے اور انتخابات میں ڈیڑھ ماہ کی تاخیر ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آصف زرداری کو سب سے بڑی بیماری قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جہاں جائیں گے میں وہاں نہیں جاؤں گا۔ لاہور میں عمران خان نے آصف زرداری کے بعد جلسہ کیا جو طے شدہ تھا۔
نوازشریف نے کہا کہ کچھ روز قبل عمران خان نے اندرون شہر لاہور کا دورہ کرنا تھا لیکن جب انہیں کہیں سے آواز آئی کہ یہاں کچھ نہیں کرنا تو وہ فوراً اسلام آباد روانہ ہو گئے تھے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ طاہرالقادری کے دھرنے میں بھی سب طے شدہ تھا، اس میں مسلم لیگ ن کو بدنام کرنے کی سازش کی گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنی وزارت عظمیٰ کے دوران میں نے اپنا گھر سنوارنے کی بات کی تھی لیکن کوئی سننے کو تیار نہیں تھا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانیوں نے ہزاروں جانوں کی قربانی دی ہے، دہشت گردی ہر لحاظ سے ختم ہونی چاہیے۔