لاہور: سابق دور میں مختلف پراجیکٹس کیلئے سبزہ اور درخت کاٹنے کی مخالف پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے والٹن ائیر پورٹ کے اطراف میں بین الاقوامی طرز کا بزنس ڈویلپمنٹ حب کا منصوبہ شروع کرنے کیلئے کلمہ چوک لاہور کے قریب موجود نرسریز کو ہٹانا شروع کر دیا۔
شہر کے وسط میں کلمہ چوک کے قریب متعدد نرسریز موجود تھیں، جہاں شہریوں کو مختلف اور نایاب اقسام کے پودے بھی میسر آ جایا کرتے تھے۔ لیکن بزنس ڈیویلپمنٹ حب کے منصوبہ کے اعلان کے ساتھ ہی ان نرسریز کو ہٹانے کا آغاز کر دیا گیا
عرصہ دراز سے اس علاقہ میں نرسری کا کاروبار کرنے والے افراد رنجیدہ ہیں کہ مختصر نوٹس پر انکا وسیلہ روزگار چھین لیا گیا۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم کی پنجاب حکومت کو فلاحی منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایات
نرسری میں کام کرنے والے علی اور مدثر کا کہنا تھا کہ ایک ہی روز پہلے ایئر پورٹ مینیجر نے بلا کر کہا کہ یہ جگہ خالی کر دیں ورنہ بلڈوز کر دی جائے گی
دوسری جانب باغبانی کے شوقین شہری کہتے ہیں کہ یہاں سے گزرتے تازگی اور خوشگوار ماحول کا احساس ہوتا تھا۔ اب ہر جانب کنکریٹ دکھائی دے گا۔
شہری ریحانہ اور بابر نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت بڑی زیادتی ہے اتنی گرینری تھی یہاں سب ختم کیا جا رہا ہے۔
بزنس ڈیویلپمنٹ حب منصوبے کے تحت والٹن ائیرپورٹ کو متبادل جگہ پر منتقل کر کے بلند و بالا کاروباری مراکز تعمیر کیے جائیں گے تاہم آکسیجن کی سپلائی کا بڑا ذریعہ ترقیاتی منصوبے کی نذر ہو گیا ہے۔
کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اقدامات خوش آئند ہیں، لیکن شہر کی روایتی اور تاریخی حسن کو درپیش خطرات کا ادراک بھی کرنا ہو گا۔