اپوزیشن تمام چیزیں پرانے پاکستان کے مطابق چاہتی ہے، شبلی فراز


پشاور: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن چاہتی ہے تمام چیزیں پرانے پاکستان کی بنیاد پر ہوں۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان جو قدم اٹھا رہے ہیں اس پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے اس سے سینیٹ میں پیسے کا کلچر ختم ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پیسے کا کلچر ختم ہو گاتو قابل لوگ منتخب ہو کر آئیں گے اور وزیر اعظم کے  اقدام سے جن لوگوں میں خدمت کا جذبہ ہو گا وہی سامنے آئیں گے۔

شبلی فراز نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی سینیٹ انتخابات  کی شفافیت پر مخالفت سمجھ سے باہر ہے تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سینیٹ انتخابات میں شفافیت کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرانے پاکستان میں لوگوں کو خریدا جاتا تھا اور حزب اختلاف اب بھی یہی چاہتی ہے کہ تمام چیزیں پرانے پاکستان کی بنیاد پر ہوں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مجھے سینیٹ انتخابات کے لیے وزیر اعظم نے دوسری بار ٹکٹ دیا جو اعزاز ہے۔ حزب اختلاف کو عوام کے سامنے جوابدہ ہونا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم خفیہ رائے شماری کو تسلیم نہیں کرتی، مریم نواز

انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات سے جمہوری نظام مضبوط ہوتا ہے لیکن حزب اختلاف خود کو ماضی سے علیحدہ نہیں کرنا چاہتی۔

شبلی فراز نے کہا کہ سینیٹ میں ہماری اکثریت سے قانون سازی میں درپیش رکاوٹیں دور ہوجائیں گی کیونکہ ماضی میں ہمیں قانون سازی سے متعلق مشکلات کا سامنا رہا۔ ووٹ خریداری ویڈیو میں جو منظرنامہ دیکھا گیا اس پر تحقیقات ہو رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں