پی ڈی ایم والے خسارے میں رہیں گے، شیخ رشید


اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم والے خسارے میں رہیں گے، اپوزیشن والے جو لہجہ استعمال کررہے ہیں ان کا اپنا نقصان ہو گا۔

ہم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا ردعمل سامنے آیا ہے، اس سے زیادہ اور کیا پارلیمانی زبان میں آئی ایس پی آر بیان  دے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ یہ میڈیا میڈیا کھیل رہے ہیں، ثبوت ہیں تو سامنے لائیں۔ ہم نے کھلی چھٹی دی ،انہوں نے الیکشن کمیشن کےباہر احتجاج کیا۔

خیال رہے کہ آج ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ پاک فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔

 میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان  نے کورونا سے نمٹنے کے لیے بہترین اقدامات کیے جبکہ چین کی جانب سے افواج پاکستان کو کورونا ویکسین کا عطیہ دیا گیا ہم کورونا ویکسین کے عطیہ پر چینی  قیادت کے مشکور ہیں۔ ہمارے اصل ہیروز فرنٹ لائن ورکرز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سازشوں اور منفی منصوبوں میں ناکام ہو گیا ہے جبکہ پاکستان نے اقوام متحدہ (یو این) میں بھارتی سازشوں کا ڈوزیئر پیش کیا۔ ڈس انفو لیب رپورٹ میں تو بھارتی منصوبے بے نقاب ہو گئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ علی سدپارہ قومی ہیرو اور اثاثہ ہیں اور ہماری دعا ہے علی سد پارہ خیریت سے ہوں۔ علی سد پارہ اور ان کی ٹیم کی تلاش کے لیے فضآئی آپریشن جاری ہے جبکہ گزشتہ روز بھی موسم خرابی کے باوجود سرچ آپریشن کیا گیا۔

انہوں نے  کہا کہ پچھلی بار بھی کہا تھا فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔ بغیر تصدیق کے قیاس آرائیاں بند ہونی چاہیئیں اور اگر ثبوت ہیں تو سامنے لائیں۔

یہ بھی پڑھیں: چین کا پاک فوج کو انسداد کورونا ویکسین کا عطیہ

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ کسی کے ساتھ کسی قسم کے بیک ڈور رابطے نہیں ہو رہے اور بغیر تحقیق اس بارے میں بات کرنا کسی کو بھی زیب نہیں دیتا۔

 


متعلقہ خبریں