بھارت میں طوفان باد و باراں : 91 ہلاک،160سے زائد زخمی


دہلی: بھارت میں تیزآندھی،طوفان اوربارش سے 91 افراد ہلاک اور160 سے زائد زخمی ہوگئے۔ زیادہ تر ہلاکتیں گھر زمیں بوس ہونے، بارش کے باعث پیش آنے والے حادثات اورآسمانی بجلی گرنے سے ہوئیں۔

اترپردیش کے ریلیف کمشنر سنجے کمار کے مطابق آگرہ میں تیزہواؤں ،شدید بارش اورطوفان سے 43 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ محبت کی یادگاراوردنیا کے سات عجائبات میں شامل تاج محل کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔

بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ سخت بارش اور شدید طوفان کے سبب گھراوردرخت گرنے کے متعدد حادثات پیش آئے ہیں جس کے نتیجے میں لوگوں کی اموات ہوئیں اوروہ زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ریلیف کمشنر سجنے کمار کے پاس موجود اعداد و شمار کے مطابق آگرہ میں 43 افراد کی اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔

ریاست اترپردیش میں آنے والے طوفان اوربارش کے واقعات میں 64 افراد جاں بحق اور67 زخمی ہوئے ہیں۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق ریاست راجستھان کے مغربی علاقے میں آنے والے طوفان اوربارش سے 27 افراد جاں بحق اور100 زخمی ہو گئے ہیں۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق راجستھان میں ہونے والی ہلاکتوں کے زیادہ ترسانحات گھروں کے زمیں بوس ہونے ،بارش کے باعث پیش آنے والے حادثات اورآسمانی بجلی گرنے سے پیش آئے ہیں۔

بھارتی میڈیا (ذرائع ابلاغ) کے مطابق مون سون کی آمد سے چھ ہفتے قبل آنے والے طوفان، چلنے والی تیز ہواؤں اور شدید بارش نے حکام سمیت عوام الناس کوشدید جانی و مالی نقصان سے دوچار کردیا ہے۔

میڈیا کے مطابق غیرمتوقع موسم کی تبدیلی کے باعث جانی اورمالی تقصانات بھی زیادہ ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں