پشاور: خیبرپختونخوا میں ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے جس کے بعد خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ہم نیوز کے مطابق پولیس اورسکیورٹی اداروں کے جاری کردہ الرٹ کے بعد پشاور پولیس کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد پشاور سمیت کسی بھی ضلع میں بڑی کارروائی کر سکتے ہیں۔ اس دوران تعلیمی اداروں، عبادت گاہوں، ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں سے متعلق ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ تخریبی کارروائی میں عوامی اجتماعات اور سیاسی شخصیات کو بھی ہدف بنایا جا سکتا ہے۔
ریڈ الرٹ کا پس منظر بیان کرتے ہوئے سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد تنظیموں اور غیرملکی ایجنسیوں کی جانب سے منصوبہ بندی کی اطلاعات ہیں۔
ریڈ الرٹ کے تناظر میں ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لئے پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے مشترکہ حکمت عملی وضع کرلی ہے۔