کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (پی آئی بی گروپ) کے سربراہ فاروق ستارنے چار مئی کو لیاقت آباد ٹنکی گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان واپس لے لیا۔
ٹنکی گراؤنڈ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ایم کیوایم کے تمام دھڑوں کو اختلافات بالائے طاق رکھ کر نئے سفرکا آغاز کرنا چاہیے، یہ صرف خالد مقبول صدیقی اور فاروق ستار کا مسئلہ نہیں بلکہ پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) والوں سے بھی بات کرنی ہوگی۔
انہوں نے بہادرآباد واپس جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مہاجر یکجہتی کے بغیر مسائل حل نہیں ہوں گے اس لیے ٹنکی گراؤنڈ میں 2 کیمپس نہیں ہونے چاہئیں، اگر یہ جلسہ ہو گیا تو 90 فیصد پی ایس پی ایم کیوایم میں واپس آ جائے گی۔
29 اپریل کو پاکستان پیپلزپارٹی نے لیاقت آباد کے ٹنکی گراؤنڈ میں جلسہ کیا تھا جس کے بعد بہادرآباد گروپ کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے 5 مئی جبکہ پی آئی بی گروپ کے سربراہ نے 4 مئی کو اسی گراؤنڈ میں اپنے جلسے کا اعلان کیا تھا۔