اسلام آباد: وفاقی وزارت داخلہ نے اسلام آباد میں اسلحہ لائسنس کے اجرا پرعائد پابندی ختم کردی ہے۔ دارالحکومت کے شہری ہرماہ 100 اسلحہ لائسنس حاصل کرنے کے مجاز ہوں گے۔
اسلام آباد میں اسلحہ لائسنس کے اجرا پرعائد پابندی کے خاتمے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ اسلحہ لائسنس کے خواہش مندوں کو قائم سینٹرز سے رابطہ کرنا ہو گا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اسلحہ لائسنس کے حصول کے خواہش مند شہری کو درخواست کے ساتھ تصاویر، شناختی کارڈ کی فوٹو اسٹیٹ کاپی اوررہائشی ثبوت جمع کرانے ہوں گے۔
اسلحہ لائسنس کی درخواست دینے کے ایک ماہ بعد ’اسلحہ لائسنس کارڈ‘جاری کردیا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ نے نوٹیفکیشن میں اس بات کی بھی وضاحت کی ہے کہ لائسنس مقامی تھانہ اور اسپیشل برانچ کی تصدیق کے بعد ہی جاری کیے جائیں گے۔
نئے اسلحہ لائسنس کا اجراء نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا ) کے بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ہوگا۔