لاہور میں ایک اور منصوبہ شروع کرنے کی تیاری

فائل فوٹو


لاہور شہر میں ایک اور منصوبہ شروع کرنے کی تیاری جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ایل ڈی اے کو شاہدرہ ایلی ویٹیڈ ایکسپریس وے شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

شہر میں ٹریفک کی ابتر صورتحال بہتر بنانے کیلئے شاہدرہ کے مقام پر تین فلائی اوور بنائے کا منصوبہ ہے جس کے لیے28 کنال اراضی حاصل کی جائے گی۔

شاہدرہ ایلی ویٹیڈ ایکسپریس وے کا ابتدائی ڈیزائن تیار کر لیا گیا ہے۔ ڈیزائن کے مطابق نیازی چوک سے گوجرانوالا، کوٹ عبدالمالک سے نیازی چوک کی جانب فلائی اوور بنے گا۔

فلائی اوورز کے نیچے سنگل فری کوریڈور فراہم کرنے کیلئے گول چکر بنایا جائے گا۔ فیزیبلٹی رپورٹ کے مطابق تین فلائی اوورز کی کل لمبائی ایک اعشارئیہ چھ کلو میٹر تجویز کی گئی ہے۔

تینوں فلائی اوورز کی تعمیر کیلئے پانچ ارب چالیس کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ ٹریفک کاونٹ سٹڈی کے مطابق اس فلائی اوور سے روزانہ ایک لاکھ پچانوے ہزار دوسو اسی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں گزر سکیں گی۔

پنجاب حکومت کی جانب سے فلائی اوور بنانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں تو ایل ڈی اے کی جانب سے بھی اس امر کی استدعا کی گئی ہے کہ صوبائی حکومت اس منصوبے کو مکمل کرنے کیلئے فنڈنگ کرے جس کے بعد اس منصوبے کو باقاعدہ طور پر شروع کیا جائے۔


متعلقہ خبریں