عمران خان نے 31 جنوری تک  استعفیٰ نہیں دیا تو لانگ مارچ ہو گا، بلاول


کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان نے 31 جنوری تک  استعفیٰ نہیں دیا تو لانگ مارچ ہو گا، ہم اسلام آباد کا رخ کریں گے اور بھرپور تحریک چلائیں گے۔

سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی 13 ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کارکنان کٹھ پتلی وزیراعظم کو کرسی سے گھیسٹنے کیلئے تیاری کریں، ملک کو نااہل اور نالائق کی تباہ کاریوں سے بچانا ہے۔

بلاول نے کہا کہ  یہ وہ جمہوریت نہیں جس کے لیے بینظیر بھٹو نے اپنی جان دی، جہاں پرامن احتجاج اور بولنے کی آزادی نہ ہو میں اس کو جمہوریت نہیں مان سکتا۔

انہوں نے کہا کہ آج لوگ 2 وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں، کسان فصل کی قیمت اور نوجوان روزگار کیلئے ترس رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ظالم اور کرپٹ حکمرانوں کو غریب لوگ نظر نہیں آ رہے، کٹھ پتلی کوعوام کی چیخیں سنائی نہیں دے رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو روٹی نہیں دے سکتے اور کہہ رہے ہیں ،کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔ لوگوں سے چھت چھین رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اب عوام ظالم سلیکٹڈ کو نہیں چھوڑیں گے،عمران خان عوام کا نمائندہ ہے نہ ہی منتخب وزیراعظم ہیں، غاصب ہیں، کیسے مانوں ملک میں جمہوریت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر جابراور ظالم کا مقابلہ کیا، ہم کٹھ پتلی سے بھی نمٹ لیں گے، اب عوام مزید اس سلیکٹڈ کو برداشت نہیں کر سکتے،اگر ان کو مزید وقت دیا گیا تو یہ ملک کا بیڑا غرق کر دیں گے۔ جو عوام کی طاقت سے ٹکراتا ہے وہ فاش فاش ہو جاتا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے زیادہ قرضہ موجودہ حکومت نے لیا،عمران خان کو جواب دینا پڑے گا یہ قرضہ کہاں گیا؟ عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ آمروں کا جبر ختم ہونے کو ہے، شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، آپ سب محترمہ شہید بینظیر بھٹو کے وارث ہیں۔


متعلقہ خبریں