ڈھائی سال گزر گئے اب ہم ناتجربہ کاری کا بہانہ نہیں بنا سکتے،وزیراعظم



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈھائی سال گزر گئے اب ہم ناتجربہ کاری کا بہانہ نہیں بنا سکتے ، ہمارے پاس سوا دو سال ہیں ، وزرا کو کارکردگی مزید بہتر بنانا ہو گی۔

وفاقی وزارتوں کو اہداف سونپنے سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پانچ سال بعد عوام فیصلہ کریں گے حکومتی کارکردگی کیسی رہی۔

وزیراعظم نے پاور سیکٹر کو سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاور سیکٹر کا سوچ کر راتوں کو نیند نہیں آتی، مہنگائی بھی چیلنج ہے،عوام پر زیادہ بوجھ نہیں ڈالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنشن کا پہاڑ چڑھتا جا رہا ہے ، کبھی کسی نے پلان نہیں بنایا ، وزارتیں پرفارم نہیں کریں گی تو حکومت ڈلیور نہیں کر پائے گی۔

مہنگائی سے متعلق صورتحال خود مانیٹر کر رہا ہوں، وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تیاری کے بعد حکومت کو آنا چاہیے اور ٹیم بنانے کے لیے بھی وقت ملنا چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ 25 جولائی سے ہماری کوشش رہی کہ نمبرز پورے کریں، 3 ماہ تو ہمیں صرف سمجھنے میں ہی لگ گئے، ڈیڑھ سال تک تو پاور سیکٹر کے فگرز کا ہی پتہ نہیں چل رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بائیڈن کو اپنی ٹیم سلیکٹ کرنے کیلئے پورے ڈھائی ماہ ملے۔

وزیراعظم  نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے تحت وفاق اور صوبوں میں کچھ مسائل حل طلب ہیں، ماحولیات ہمیشہ وفاق کے پاس ہونی چاہیے، لیکن صوبوں کے پاس چلی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ زرعی سیکٹر کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، چین کے ساتھ مل کر زرعی سیکٹر کو بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فخر ہے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سرپلس ہو چکا ہے۔


متعلقہ خبریں