ن لیگی سینیٹر کلثوم پروین کورونا کے باعث انتقال کر گئیں



مسلم لیگ ن کی سینیٹر کلثوم پروین کورونا کے باعث انتقال کر گئی ہیں۔

سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ  مرحومہ گزشتہ کئی روزسے کورونا میں مبتلا تھیں۔

صدر مملکت عارف علوی نے سینیٹر کلثوم پروین کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹر کلثوم پروین کے انتقال پر اظہار افسوس اور اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ پاکستان ایک مخلص اور محنتی سیاستدان سے محروم ہو گیا۔ کلثوم پروین نے بلوچستان میں پسماندہ طبقات کی بھرپور نمائندگی کی۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ ایوان بالا ایک انتہائی فعال اور مدبر سیاستدان سےمحروم ہوگیا۔ غمزدہ خاندان کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں برابر کا شریک ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:رکن سندھ اسمبلی جام مدد علی کورونا سے انتقال کر گئے

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اورسینیٹر راجہ محمد ظفر الحق نے بھی کلثوم پروین کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

راجہ ظفر الحق نے کہا کلثوم پروین دلیر خاتون تھیں، سینیٹ میں انہوں نے جاندار خدمات انجام دیں، الله تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے۔

اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی جام مدد علی کا انتقال بھی کورونا وائرس کے سبب ہوا تھا۔  جام مدد علی پھیپھڑوں اور دل کے عارضے میں بھی مبتلا تھے۔

وزیر زراعت گلگت بلتستان اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما حاجی جانباز خان کا انتقال بھی کورونا کے باعث ہوا تھا۔

عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان مرنے والوں کی کل تعداد 9 ہزار 392 تک پہنچ چکی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 58 ہزار 968 ہو گئی ہے۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 3 ہزار 638 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 3 ہزار 333، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 546، اسلام آباد میں 391، گلگت بلتستان میں 99، بلوچستان میں 179 اور آزاد کشمیر میں 206 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 36 ہزار 257، خیبر پختونخوا میں 55 ہزار 183، سندھ میں 2 لاکھ 4 ہزار 840، پنجاب میں ایک لاکھ 31 ہزار 933، بلوچستان میں 17 ہزار 926، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 2 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 827 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں