ایف آئی اے ٹیم کی شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے کوٹ لکھپت جیل میں پوچھ گچھ


لاہور: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی  ٹیم نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز سے کوٹ لکھپت جیل میں پوچھ گچھ کی۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کی ٹیم  نے کوٹ لکھپت جیل میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے دو گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ ایف آئی اے ٹیم نے لیگی رہنماؤں کے مبینہ کرپشن اور منی لاننڈرنگ کیس میں بیان ریکارڈ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز پر 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔ دو روز پہلے ایف آئی اے نے جیل حکام کو ملزمان کا بیان ریکارڈ کرنے کیلیے خط لکھا تھا۔

مزید پڑھیں: عدالت کا شہباز شریف کو جیل میں گھر کا کھانا، کرسی اور میٹرس فراہم کرنے کا حکم

خیال رہے کہ بیگم شمیم اختر کے انتقال کے باعث پنجاب حکومت نے 27 نومبر کوشہباز شریف اور حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل سے پانچ روز کیلئے پیرول پر رہا کردیا تھا۔ پنجاب حکومت نے دونوں کے پیرول کی مدت ایک دن کے لیے بڑھادی بھی تھی۔

3 دسمبر کو شہباز شریف اورحمزہ شہباز کو پیرول کی مدت ختم پر دوبارہ کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

پنجاب حکومت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پاکستان پریزن رولز 1978 کے سیکشن 545 بی کے تحت پیرول پر رہائی کی اجازت دی تھی۔


متعلقہ خبریں