کورونا: پشاور کے مزید 4 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

خیبر پختونخوا حکومت نے عید الفطر پر مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا

پشاور: بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے پیش نظر خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے مزید چار علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر پشاور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے علاقے عمر خیل، متنی، محلہ بالو خیل اور جلال ٹاؤن میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں غیر ضروری نقل وحرکت پر پابندی عائد ہوگی اور صرف ضروری اشیاء اور ادویات کی دکانیں کھلی رہیں گی۔

ڈپٹی کمشنر پشاور کیا جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آج شام 6 بجے سے ان علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاون نافذالعمل ہوگا۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 36افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور مرنے والوں کی کل تعداد 8ہزار 832 تک پہنچ چکی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں 2ہزار 362نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی تعداد 4لاکھ 40ہزار787ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا کے3لاکھ84 ہزار719 مریض صحتیاب ہوچکے اور 47ہزار236 زیر علاج ہیں۔

این سی او سی کے مطابق کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 3 ہزار 365 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 3 ہزار 158، خیبر پختونخوا ایک ہزار371، اسلام آباد 368، گلگت بلتستان99، بلوچستان175 اور آزاد کشمیر میں191 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا پابندیوں کی 8 سیکنڈ خلاف ورزی پر 5 لاکھ سے زائد جرمانہ

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 34 ہزار840، خیبر پختونخوا 52 ہزار449، سندھ ایک لاکھ 95 ہزار702، پنجاب ایک لاکھ 27 ہزار541، بلوچستان 17 ہزار745، آزاد کشمیر 7 ہزار719 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 791 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 7.9 فیصد ہو گئی۔ کراچی کورونا مثبت کیسز کی شرح 17.39 فیصد ہے۔

این سی او سی کے مطابق حیدرآباد میں مثبت کیسز کی شرح 18.43 فیصد ہوگئی۔ آزاد کشمیر میں 10.83 فیصد، بلوچستان میں 11.62، گلگت بلتستان میں 2.68، اسلام آباد 6.16، خیبر پختونخوا 11.29 اور  سندھ میں 11.47  فیصد تک ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق پنجاب میں مثبت کیسز کی شرح 4.42 ہے۔ لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 5.47، راولپنڈی میں 11.26 فیصد ہوگئی۔ پشاور میں مثبت کیسز کی شرح 16.2، کوئٹہ میں 6.19 اور میرپور میں کیسز کی شرح 22 فیصد تک آگئی۔

 


متعلقہ خبریں