خیبرپختونخوا میں کورونا سے 28 ڈاکٹر جاں بحق


پشاور: خیبرپختونخوا (کے پی) میں کورونا وائرس سے 28 ڈاکٹر جاں بحق ہو گئے ہیں۔ 

صوبائی ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے مطابق پشاور میں خاتون ڈاکٹر کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئیں جس کے بعد خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے جاں بحق ڈاکٹرز کی تعداد 28 ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: امریکا میں فائزر ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ خاتون ڈاکٹر نجی اسپتال نارتھ ویسٹ پشاور میں زیر علاج تھیں۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس سے پاکستان میں مزید 71 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ مزید 2 ہزار 729 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق پاکستان میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہزار 724 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 35 ہزار 56 تک پہنچ چکی ہے۔

پاکستان میں کورونا کے 3 لاکھ 81 ہزار 208 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں اور 45 ہزار 124 زیرعلاج ہیں۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 3 ہزار 320 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 3 ہزار 132، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 455، اسلام آباد میں 358، گلگت بلتستان میں 98، بلوچستان میں 173 اور آزاد کشمیر میں 188 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امیر ممالک نے کورونا کی53فیصد ویکسین خرید لی

اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 34 ہزار 300، خیبر پختونخوا میں 51 ہزار 404، سندھ میں ایک لاکھ 92 ہزار 735، پنجاب ایک لاکھ 26 ہزار 526، بلوچستان 17 ہزار696، آزاد کشمیر 7 ہزار 620 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 775 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں