پی آئی اے نے ملازمین کیلئے رضاکارانہ علیحدگی اسکیم متعارف کر وادی

پی آئی اے نے ملازمین کیلئے رضاکارانہ اسکیم متعارف کر وادی

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے ملازمین کے لیے رضاکارانہ علیحدگی اسکیم متعارف کروادی ہے، جس سے 58 سال سے کم عمر کے تمام مستقل ملازمین فائدہ اٹھاسکیں گے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق رضاکارانہ علیحدگی اسکیم 18 سال سے زائد اور کم مدت ملازمت پر مشتمل دو کیٹیگری میں تقسیم ہے۔ اسکیم جمع شدہ چھٹیاں، گریجوٹی، پراوڈنٹ فنڈ، میڈیکل اور 65 سال تک پنشن کی یک مشت ادائیگیوں پرمشتمل ہوگی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق خواہشمند ملازمین درخواستیں 22 دسمبر تک وی ایس ایس کوآرڈینیٹرز کو جمع کرواسکیں گے۔ اسکیم سے استفادہ کرنے والے ملازمین 31 دسمبر 2020 تک پی آئی اے سے علیحدگی حاصل کرلیں گے۔

مزید پڑھیں: اندرون ملک پروازیں: پی آئی اے نے کرایوں میں بڑی کمی کردی

ترجمان کے مطابق پیکج کے تحت یک مشت ادائیگی کا چیک 31 جنوری 2021 تک ادا کردیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے 35 ہزار ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی منظوری دے دی تھی۔ 

مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس  میں پی آئی اے ملازمین کی رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کے لیے  12 ارب روپے سے زائد رقم دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اجلاس کو بتایا گیا تھا کہ پی آئی اے کو ملازمین کی رضاکارانہ ریٹائرمنٹ سے چار ارب روپے سالانہ کی بچت ہو گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے قومی ایئرلائن پی آئی اے نے 8 نئے جہاز لیز پر لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق  قومی ایئر لائن پی آئی اے نئے 8 طیارے چھ سال کی ڈرائی لیز پر لے گی۔ پی آئی اے کے لیے 8 نئے جہاز 170 نشستوں والے نیروباڈی طیارے ہوں گے، جن کی فراہمی کے لیے اشتہار جاری کیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق جنوری سے دسمبر 2021 کے درمیان طیارے پی آئی اے کے حوالے کیے جائیں گے


متعلقہ خبریں