اسحاق ڈار عدالتوں کا سامنا کیسے کریں گے، شہزاد اکبر


اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار اینکر کے سوالات کے جواب نہ دے سکے تو وہ عدالتوں کا سامنا کیسے کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان کے مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر خزانہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار اینکر کے سوالات کے جوابات نہیں دے سکے وہ عدالتوں کا کیسے سامنا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز مفرور اسحاق ڈار نے کہا میری ایک ہی پراپرٹی ہے اور انہوں نے انٹرویو میں کئی مضحکہ خیز باتیں کیں۔

مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے کہا کہ اسحاق ڈار اگر پاکستان آجاتے تو عدالتوں کے سوالات کے جوابات کیسے دیتے۔ سابق وزیرخزانہ نے کہا نیب کی حراست میں درجنوں لوگ انتقال کر گئے اور انہوں نے اس طرح کی کئی مضحکہ خیز باتیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کے مطابق میری ایک جائیداد ہے جس پر حکومت نے قبضہ کر لیا ہے۔ اسلام آباد میں اسحاق ڈار کی 6 ایکڑ زمین ہے اور الفلاح ہاؤسنگ سوسائٹی میں اسحاق ڈار کے 3 پلاٹ ہیں۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ اسحاق ڈار کی 8 گاڑیاں ہیں، کچھ کمپنیاں بھی ہیں اور کچھ میں پارٹنر شپ بھی ہے۔ اسحاق ڈار کے کافی بینک اکاؤنٹس موجود ہیں جن میں رقم بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کی طرف سے اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا، مریم اورنگزیب

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کا انٹرویو دیکھ کر لوگ محظوظ ہوئے۔ اسحاق ڈار سے متعلق معلومات جے آئی ٹی میں سامنے آئی تھیں لیکن وہ اپنے اوپر لگائی گئی چارچ شیٹ کا جواب نہیں دے رہے۔

مشیر داخلہ نے کہا کہ ملک اس وقت بہتری کی طرف جا رہا ہے تاہم کورونا کی دوسری لہر خطرناک ہے لیکن کورونا کے ساتھ ساتھ ہمیں کاروبار اور تجارت کو بھی بچانا ہے۔ سب کے تعاون سے کورنا کی پہلی لہر سے آسانی سے نکل گئے تھے۔


متعلقہ خبریں