راولپنڈی: راولپنڈی کی تحصیل گوجر خان کےعلاقے گلیانہ موڑ کے قریب مبینہ طور پر گھریلو ناچاقی کے باعث خاتون نے تین بچیوں سمیت کنویں میں چھلانگ لگا دی۔
ایس ایچ او گوجر خان کے مطابق تینیوں بچیاں جاں بحق ہوگئی ہیں جبکہ بچیوں کی والدہ سونیا گلفراز کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق تینوں بچیاں ردا فاطمہ بعمر 5 سال، ندا فاطمہ بعمر اڑھائی سال اور انیتا فاطمہ بعمر 6 ماہ جاں بحق ہو گئیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون نے شوہر سے گھریلو لڑائی جھگڑے کے باعث خود کشی کرنے کی کوشش کی۔
دریں اثنا سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی محمد احسن یونس نے واقعہ کا نوٹس لیکر واقعے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کرنے کا حکم دیا ہے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔ میرٹ پر تفتیش کرتے ہوئے مقدمہ کو یکسو کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ 4 نومبر کو کراچی کے علاقے لانڈھی میں قذافی ٹاؤن میں مبینہ طور پرگھریلو ناچاقی پر ایک شخص نے اپنی بیوی اور بیٹے پر فائرنگ کرنے کے بعد خود کو گولی مار کر خود کشی کرلی تھی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 18 سالہ بیٹا وقاص جاں بحق ہو گیا تھا جب کہ بیوی کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: کراچی: خاتون کی تین بچوں کے ہمراہ مبینہ خود کشی
علاقہ پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت 50 سالہ رضوان سے ہوئی تھی۔ مقتول وقاص کے دوست نے پولیس بیان میں کہا تھا کہ فائرنگ وقاص کے والد نے کی تھی اور جس وقت فائرنگ ہوئی اس وقت وہ دکان پر بیٹھا ہوا تھا۔
مقتول وقاص کے دوست کا کہنا تھا کہ وقاص کے والد نے دو شادیاں کی ہوئی تھیں جب کہ ان کے گھر میں آئے دن جھگڑے ہوتے تھے۔ عینی شاہد کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والی خاتون پہلی بیوی تھی۔