گلگت بلتستان اسمبلی کے نو منتخب اراکین نے حلف اٹھالیا


گلگت: گلگت بلتستان اسمبلی کے نو منتخب اراکین نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی حاجی فدا محمد ناشاد نے نو منتخب اراکین سے حلف لیا۔ حلف برداری اسمبلی حال گلگت میں منعقد ہوئی۔ گلگت بلتستان اسمبلی کے تمام 33 اراکین نے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

گلگت بلتستان اسمبلی میں  پاکستان تحریک انصاف 16 جنرل اور 6 مخصوص نشستوں کے ساتھ  سرفہرست ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے دو مخصوص نشستوں سمیت 5 نشستیں حاصل کی ہیں۔  پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر امجد حسین دو نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں۔

اسی طرح پاکستان مسلم لیگ نواز نے خواتین کی ایک مخصوص نشست سمیت 3 نشستیں حاصل کی ہیں۔ ایک ازاد رکن اور ایک جمعیت علمائے اسلام ف کے ممبر نے بھی اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔

دوسری جانب گلگت بلتستان کے نو منتخب اراکین نے گرینڈ اپوزیشن الائنس تشکیل دے دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے مناصب کے لیے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے متفقہ امیدواران ہوں گے۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان انتخابات: 24 حلقوں کے سرکاری نتائج کا اعلان

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ گلگت بلتستان کی نومنتخب اسمبلی میں تشکیل دیے جانے والے گرینڈ اپوزیشن الائنس کی جانب سے پی پی کے صوبائی امجد ایڈووکیٹ وزیراعلیٰ کے متفقہ امیدوار ہوں گے۔

ذمہ دار ذرائع نے اس ضمن میں ہم نیوز کو بتایا ہے کہ ن لیگ کی جانب سے غلام محمد اسپیکر کے لیے متفقہ امیدوار ہوں گے۔

ہم نیوز کو انتہائی ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ جمعیت العلمائے اسلام (ف) کی جانب سے رحمت خالق ڈپٹی اسپیکر کی نشست پر متفقہ امیدوار ہوں گے۔


متعلقہ خبریں