راولپنڈی: بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے جگجوٹ گاؤں میں شادی کی تقریب کو ہیوی مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا ہے جس سے گیارہ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کھوئی رٹہ سیکٹر پر فائرنگ کر کے شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے 6 خواتین اور 4 بچوں سمیت 11 شہری زخمی ہو گئے ہیں۔
ایل او سی: بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ، ایک جوان سمیت پانچ شہید
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ رویہ بھارتی فوج کا غیرپیشہ ورانہ طرزعمل ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کا یہ عمل انسانی حقوق کی واضح خلاف ورزی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان اور چار شہری شہید ہو گئے جب کہ پانچ جوانوں سمیت 17 افراد زخمی ہوئےتھے۔
بھارتی فوج کی گولہ باری سے 5 افراد شہید، 28 زخمی ہوئے، وزیر اعظم آزاد کشمیر
ہم نیوز نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے بتایا تھا کہ کپواڑہ میں بھارتی فوج اورمجاہدین کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی جس میں چار بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سات نومبر کو ہونے والی جھڑپ مقبوضہ کشمیر کے علاقے کپواڑہ میں ہوئی تھی جس کے نتیجے میں بھارتی فوج کو اپنی عوام کے سامنے شرمندگی اٹھانا پڑی تھی۔
ہم نیوز نے آئی ایس پی آر کے حوالے سے بتایا ہے کہ بھارتی فوج نے 13 نومبرکو بلااشتعال فائرنگ شروع کر دی۔ جس کے دوران توپ خانے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلا اشتعال کی جانے والی فائرنگ کے ٹارگٹ ایریاز میں لائن آف کنٹرول کے متعدد سیکٹرز شامل ہیں۔ بھارتی فوج کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں چار شہری شہید ہوئے ہیں جب کہ 12 زخمی ہیں۔